ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پرمیشور کو وزارت داخلہ سے بے دخل کرنا درست نہیں : ایچ ڈی ریونا 

پرمیشور کو وزارت داخلہ سے بے دخل کرنا درست نہیں : ایچ ڈی ریونا 

Sat, 29 Dec 2018 11:39:00    S.O. News Service

بنگلورو29؍دسمبر(ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے بعض کانگریس قائدین کے اس بیان پر کہ تمام سرکاری محکموں میں ریونا کی مداخلت کے سبب نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور کو اپنا داخلہ کا قلمدان چھوڑ دینا پڑاسخت برہم ہوئے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس قائدین غیر ضروری طور پر اس طرح کے الزامات نہ لگائیں۔

ریونا نے کہاکہ ہر دن مختلف ٹی وی چینلوں پر ہونے والے مباحثوں اور خبروں میں یہ الزامات لگائے جاتے ہیں کہ دو بھائیوں کی حکومت چل رہی ہے۔ اور دونوں کانگریس وزراء کے قلمدانوں میں مداخلت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان رپورٹوں کے پیچھے کون ہے اس سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ اور اس طرح کی باتوں سے وہ خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔ ریونا نے کہاکہ کانگریس قائدین کو چاہئے کہ اپنا رویہ بدلیں ۔

انہوں نے کہاکہ آج کانگریس ریاست میں اگر کمزور ہوئی ہے تو اس طرح کے بیانات دینے والے لیڈر ہی اس کے لئے ذمہ دار ہیں۔ ریونا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کمار سوامی کے لئے بھی برداشت کی ایک حد ہے ، مسلسل اس طرح کے الزامات لگتے رہیں تو وہ بھی برداشت نہیں کرپائیں گے۔ کانگریس کا کردار مخلوط حکومت میں بڑے بھائی کا ہے۔ اسے اپنی ذمہ داری سمجھ کر بیان بازی کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ سینئر کانگریس لیڈر اگر اس طرح کے بیانات دیتے ہیں تو افسوس ہوتا ہے، ریونا نے کہاکہ اپنے محکمے کو چھوڑ کر وہ کسی اور محکمے میں مداخلت نہیں کرتے۔ محکمۂ داخلہ میں ان پر مداخلت کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ریونا نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ کے دوران پرمیشور سے انہوں نے ایک کانسٹبل کے تبادلے کی سفارش کی ہو تو بتایا جائے۔

پرمیشور کو داخلہ کے قلمدان سے ہٹانے کا فیصلہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے ریونا نے کہاکہ پچھلے چھ ماہ سے پرمیشور محکمے کو اچھی طرح سنبھالے رکھے تھے۔ لیکن بدقسمتی سے انہیں نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرمیشور کو وزارت داخلہ سے ہٹائے جانے کا قدم ان کی نظر میں درست نہیں ہے۔ ریونا نے کہا کہ بذات خود وہ محکمۂ پولیس یا کسی اور کسی بھی محکمے میں تبادلوں کی ضرورت کبھی محسوس نہیں کی۔

ریونا نے کہاکہ کچھ کانگریس قائدین آج بھی اس مغالطے میں ہیں کہ ریاست میں کانگریس ہی کی حکومت چل رہی ہے، انہیں محسوس کرنا چاہئے کہ ریاست کا انتظامیہ مخلوط ہے۔ سب کچھ اسی طرح نہیں ہوگا جیسے وہ چاہیں۔ اس کے باوجود بھی کمار سوامی کانگریس کے بہت سارے ناز نخرے برداشت کررہے ہیں۔ محکمۂ تعمیرات عامہ کے تحت آنے والی کرناٹکا روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے لئے کانگریس رکن اسمبلی کو چیرمین بنائے جانے کے متعلق ریونا نے کہاکہ انہیں علم نہیں تھاکہ ان کے محکمے میں کے آر ڈی سی ایل آتی ہے۔ اب جبکہ مخلوط حکومت میں شامل کانگریس کے حق میں چیرمین شپ دینے کا فیصلہ اتفاق رائے سے لیا گیا ہے تواس پر اعتراض نہیں کریں گے۔


Share: